جمعیۃ العلماء ضلع مید ک کا مشاورتی ا جلاس۔ حافظ پیر خلیق احمد صابرکا خطاب۔ جلسہ عام منعقد کرنے کافیصلہ
(صحافی حافظ محمد فصیح الدین میدک)
میدک،30اگست(دی دکن بھارت ) : صدرجمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا حافظ پیر شبیر احمد صاحب دامت برکاتہم کی ہدایت پر جمعیۃ العلماء ضلع مید ک کا مشاورتی ا جلاس مدرسہ منہاج العلوم مید ک میں بصدارت محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سکریٹری جمعیۃ العلماء تلنگانہ و آندھراپردیش منعقد ہوا۔اس موقع پرحافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب نے مشاورتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی مسلمان آ ج اپنی شناخت کی جنگ لڑرہا ہے۔ہندوستانی مسلمانوں کے سامنے آج سب سے بڑا سوال یہ ہیکہ بحیثیت مسلمان انکی شناخت اس ملک میں کیسے برقرار رہے۔ اس لئے کہ ہرسطح پر اور ہر شعبہ میں مسلمانوں کی شناخت اور پہچان کو ختم کرنے کی ناپا ک کوششیں اور سازشیں ہورہی ہیں۔حتی کہ انتخابات جو جمہوریت کی اساس ہیں اس میں بھی مسلمانوں کوکنارے کرکے انکی اہمیت کو ختم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ اس عمل میں فرقہ پرست جماعتیں تو آگے ہیں ہی لیکن اپنے آپ کو سیکولر کہلانے والی جماعتیں بھی اکثریتی فرقہ کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے انہیں کے نقش قدم پر چل رہی ہیں جو کہ جمہوریت کیلئے انتہائی خطرنا ک ہے۔ جنرل سکریٹری ریاستی جمعیۃ العلماء نے کہا کہ آج فرقہ پرست طاقتیں مختلف حربوں سے مسلمانوں کے ووٹ کی اہمیت کو گھٹانے اور ختم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں اوران مسلم دشمن طاقتوں کی ہدف یہ ہیکہ مسلمانوں سے ووٹ کا ہی حق چھین لیا جائے۔ایسی صورتحال میں ضرورت اس بات کی ہیکہ پہلے مسلمان خود اپنے ووٹ کی اہمیت کو سمجھیں اور پھر ان سیاسی جماعتوں کو بتائیں کہ انکی ووٹ کی اہمیت کیا ہے۔اس ضمن میں ریاستی جمعیۃ علماء ریاست کے مختلف علاقوں میں اجلاس منعقد کررہی ہے جس کا مقصدووٹ‘ ووٹر آئی ڈی کارڈ کی اہمیت‘ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے علاوہ مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کرناہے۔اسی مہم کے تحت آج کے اس مشاورتی اجلاس میں یہ طئے کیا گیا کہ 16/ستمبر بروز ہفتہ بعد نماز عصر تا عشاء مستقر میدک میں‘ جمعیۃ العلماء ضلع مید ک‘ جمعیۃ العلماء ضلع سنگاریڈی اور جمعیۃ العلماء ضلع سدی پیٹ (متحدہ ضلع مید ک)کا ایک اجلاس عام منعقد کیا جائے جس کے مقام کا متعاقب اعلان کیا جائیگا۔اس مشاورتی اجلاس میں صدر جمعیۃ العلماء ضلع مید ک مولانا قاضی محمد مسیح الدین قاسمی‘نائب صدر محترم سید ربانی صاحب‘ نائب صدرمحترم جلیل عارف صمدانی صاحب‘نائب صدرمفتی سلطان صاحب‘ جنرل سیکریٹری محترم حافظ محمد قطب الدین صاحب کے علاوہ اراکین عاملہ مولانا محمد اسماعیل صاحب‘جناب محمدہاشم علی صاحب‘ جناب محمد انور صاحب‘مولانا برکات صاحب‘جناب نعمت اللہ خان‘ جناب سمیع اللہ خان اور دیگر موجود تھے۔ مولانا محمد اسماعیل صاحب کی قراء ت کلام پاک سے نشست کا آغاز ہوا اور مولانا قاضی محمد مسیح الدین قاسمی کی دعاء پر اختتام عمل میں آیا۔